آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: پیدائشی طور پر میری ناک کی ہڈی بڑھی ہوئی ہے اور کئی سال سے ناک کا گوشت بھی بڑھ گیا ہے، جس کی بناء پر اسپرے کے بغیر میرے لیے رہنا انتہائی مشکل، بلکہ اذیت ناک ہوتا ہے۔
گزشتہ سال تک کسی نہ کسی طرح روزے رکھتا رہا، کبھی طبیعت شدید خراب ہوئی تو روزے کے دوران اسپرے کرنے کی نوبت آگئی، تاہم اس سال ناک کے گوشت اور ہڈی کا مسئلہ سنگین ہوگیا ہے، ایک روزہ رکھنا بھی مشکل معلوم ہورہا ہے اور گرمی کے موسم میں قضا بھی مشکل معلوم ہورہی ہے۔ اس صورتِ حال میں میرے لیے روزے کا کیا حکم ہے؟
اگر میں ناک کی نرم ہڈی سے ناک کو پکڑ کر زور سے دبا لوں اور پھر اسپرے کروں، تاکہ اس کے قطرے نرم ہڈی سے اوپر نہ جائیں، صرف دوا کے ناک کی نرم ہڈی پر لگنے سے کچھ سکون مل جائے تو کیا اس طرح کرنے سے روزہ باقی رہے گا؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں اگر سائل ناک کی نرم ہڈی سے ناک کو زور سے دبا لے اور پھر اس طور پر اسپرے کرے کہ اس کے قطرے نرم ہڈی کے اوپر نہ جائیں تو سائل کا روزہ نہیں ٹوٹے گا، تاہم اس سلسلے میں انتہائی درجے احتیاط سے کام لینا ہوگا، کیوں کہ نرم ہڈی سے اوپر دوا کے قطرے پہنچنے کی وجہ سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔(رد المحتار، کتاب الصوم، باب ما يفسد الصوم و ما لايفسدہ 2/ 402 ط: سعيد)
اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
iqra@banuri.edu.pk