• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن کا لیگ کروانے کا اعلان

محسن گیلانی - فوٹو: فائل
محسن گیلانی - فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر محسن گیلانی نے کہا ہے کہ پروفیشنل فٹبال لیگ کروانے جا رہے ہیں جس سے سب کو فائدہ ہوگا۔ پی ایس ایل اسٹائل نہیں، پی ایف ایف اسٹائل لیگ ہوگی۔

جیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف کا سارا فوکس نیشنل مینز اور ویمنز ٹیم کو بہتر کرنے پر ہے۔ پاکستان کے پاس اس وقت ایک تجربہ کار کوچ ہے جس کا ہمیں فائدہ اٹھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفرااسٹرکچر بہتر کرنے کیلئے منی پچز لگا رہے ہیں، دو پچز آچکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل فٹبال لیگ کرنے جا رہے ہیں جس سے سب کو فائدہ ہوگا۔ پی ایس ایل اسٹائل نہیں، پی ایف ایف اسٹائل لیگ ہوگی۔ پاکستان فٹبال کی نئی لیگ فرنچائز کے بجائے کلب کی بنیاد پر ہوگی۔

صدر پی ایف ایف نے کہا کہ رمضان کی وجہ سے میانمار کے خلاف میچ سے قبل فرینڈلیز نہیں کر پا رہے، میچ کی تیاریوں کیلئے نولبرٹو سولانو نے قومی کیمپ جلد لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم نے افغانستان کے خلاف اچھا کھیلا تھا، میانمار ہم پلہ ٹیم ہے، میچ جیت سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں جو پلیئرز کھیلیں گے، اس کا فیصلہ کوچ نے کرنا ہے، سولانوں پر پورا اعتماد ہے اور فیڈریشن ان کو پورا سپورٹ کرے گی۔

محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ فیفا سے تعلقات کی وجہ سے پی ایف ایف کیلئے کام آسان ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ فٹسال میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے تھائی لینڈ میں میچ کھیلا، ساف چیمپئن شپ کے حوالے سے حکومت سے بات چیت جای رہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں فٹبال کے ذریعے روابط ہوسکتے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ فٹبال کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت تصویر پیش کریں۔

صدر پی ایف ایف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم اور مقامی کھلاڑیوں کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہوگا، اگر ایک پلیئر پاکستان کھیلنے کےلیے اہل ہے تو وہ پاکستانی فٹبالر ہے۔ فیفا اہل قرار دے اور کوچ بہتر سمجھے تو وہ پلیئر پاکستان سے کھیلے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل اگر ہمارے پلیئرز باہر جا کر کھیلنا شروع ہوں گے تو کیا وہ غیر ملکی ہوجائیں گے؟

محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ دو سال میں پاکستان فٹبال ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نظر آنا شروع ہوجائے گی، انڈر 17 ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، یہ سینئر لیول پر جائیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید