دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کا فائنل دیکھنا رئیسوں کی عیاشی بن گیا۔ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل کے ٹکٹ ری سیل مارکیٹ میں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں۔ فیفا کے آفیشل ری سیل پلیٹ فارم پر نیو جرسی میں شیڈول فائنل کے لیے کیٹیگری تھری کا ایک ٹکٹ اپنی اصل قیمت 3،450 ڈالر سے 41 گنا زائد، یعنی 143،750 ڈالر (تقریباً چار کروڑ پاکستانی روپے) میں دستیاب ہے۔ ری سیل مارکیٹ میں فائنل کا سستا ترین ٹکٹ بھی 9،775 ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، جبکہ میکسیکو سٹی میں افتتاحی میچ کا 895 ڈالر والا ٹکٹ پانچ ہزار ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔