کراچی (شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر) پاکستان واپڈا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کے آر ایل کو شکست دیکر نیشنل چیلنج کپ فٹ بال جیت لیا، اس کامیابی کے ساتھ واپڈا نے اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرلی، میچ کا واحد فیصلہ کن گول محمدسمنان نے اختتام سے چار منٹ قبل شائق کے پاس پر کیا ۔ فائنل کیلئے شائقین کی بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں ایس اے گارڈنز نے پینلٹی ککس پر پاکستان آرمی کو شکست دی۔ واپڈا کو دس لاکھ روپے کی انعامی رقم اور خوبصورت ٹرافی، رنرز اپ کے آر ایل کو ساڑھے ساتھ لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ ایس اے گارڈنز کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ محسن گیلانی، شاہد کھوکھر، سندھ فٹبال کے صدر اعظم خان، پی ایف ایف کے نائب صدور ڈاکٹر محمد علی شاہ ودیگر موجود تھے۔ میچ کے کک آف کا صحیح وقت معلوم نہ ہونے پر قومی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو آدھے گھنٹے کی تاخیر سے گرائونڈ پہنچے اور اپنے کوچنگ اسٹاف اور پی ایف ایف عہدیداروں پر برس پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لینا تھا۔