مانچسٹر: پریس کلب آف پاکستان یو کے کے زیر اہتمام راچڈیل میں تیسرے محمود ہاشمی میموریل ایوارڈکا انعقاد کیا گیا جہاں 10 صحافیوں کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایوارڈ تقریب کی صدارت پریس کلب آف پاکستان یوکے کے صدر محمود خان نے کی جبکہ مہمانان خصوصی راچڈیل کے مئیر کونسلر فیصل رانا اور مانچسٹر میں پاکستان کی کمیونٹی ویلفئیر اتاشی محترمہ مصباح نورین تھیں۔
جن 10 صحافیوں کو اس سال ایوارڈ دیے گئے ان میں ارشد رچیال، جاوید عنایت، اعجاز فضل، شفقت مرزا، شفقت نذیر رانا، سرفراز تبسم، شاہ بانو، ابرار حسین اور طلعت فاروق اعوان شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مئیر راچڈیل کونسلر فیصل رانا نے کہا کہ یہ راچڈیل کی روایات ہیں کہ ہم ادب و فن اور صحافت پر مبنی پراجیکٹس کی مدد کرتے ہیں۔ اس کا مقصد ان شعبوں میں راچڈیل کے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ راچڈیل میں بہت سی کمیونٹیز آباد ہیں جن کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کےلیے راچڈیل کونسل اور اس کے کونسلر ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ محمود ہاشمی میموریل ایوارڈ کا آغاز راچڈیل سے ہوا۔
انہوں نے محمود ہاشمی کی صحافت اور تعلیم کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے کی طرف سے ایوارڈکے انعقاد میں تعاون جاری رہے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مانچسٹر میں پاکستان کی کمیونٹی ویلفئیر اتاشی مصباح نورین نے پریس کلب آف پاکستان یوکے کے ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں اردو صحافت کے فروغ کیلئے پریس کلب آف پاکستان یوکے کی خدمات شاندار ہیں جن سے نوجوان نسل میں صحافت کا شوق پیدا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری برطانیہ میں پیدا ہونے والی نسلیں اردو کی بجائے انگریزی صحافت کی طرف میلان رکھتی ہیں، ہمیں چاہیے کہ ان کے اندر اردو صحافت کا فروغ بھی پروان چڑھانے میں مدد دیں۔ اردو زبان ایک بہت اہم زبان ہے اور یہ بہت سی زبانوں کے اشتراک سے بنی ہے۔
انہوں نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی طرف سے کمیونٹی کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب اپنے صدارتی خطاب میں محمود خان نے پریس کلب آف پاکستان یوکے کی طرف سے راچڈیل کونسل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج ہم راچڈیل کونسل کے تعاون سے تیسرے ایوارڈ کا انعقاد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے نے صحافیوں کی بہبود کیلئے بہت سے پراجیکٹ شروع کیے ہیں جن میں ایک ایوارڈ کا پراجیکٹ بھی ہے جو کامیابی کے ساتھ چوتھے سال میں داخل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے کا یہ سفر جاری رہے گا۔ ہم نے یہ پلیٹ فارم صحافیوں کے مفادات کے تحفظ اوران کو پیشہ ورٹریننگ دینے کیلئے قائم کیا ہے اور ہم اپنا یہ مقاصد کمیونٹی کے تعاون سے حاصل کرتے رہیں گے۔
تقریب کے دوران نصر اللّٰہ خان مغل، ممتاز دانشور یعقوب نظامی، ایوارڈ کمیٹی کے کوآرڈینٹیر سیف الرحمٰن اور محبوب الہٰی بٹ نے حاضرین سے خطاب کیا اور محمود ہاشمی کی صحافتی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں پریس کلب آف پاکستان یوکے نیوکاسل برانچ سے صدر ڈاکٹر پرویز بھٹی، راجہ خالد خان، ایوب مرزا، لیسٹر برانچ کے صدر جاوید عنایت اور سرفراز تبسم جبکہ لندن برانچ سے ممتاز دانشور طلعت گل نے شرکت کی۔ محبوب بٹ نے اس موقع پر حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ یہ ایوارڈ برطانیہ کے پہلے اردو صحافی محمود ہاشمی مرحوم کے نام پر دیے جاتے ہیں جہاں برطانیہ کے 10 تجربہ کارصحافیوں کو ہر سال ایوارڈ دیا جاتا ہے جبکہ ایوارڈ کیلئے نامزدگی کیلئے صحافی کا کم از کم صحافتی تجربہ 20 سال کا ہونا ضروری ہے۔
اس ایوارڈ کا انعقاد چار سال قبل راچڈیل کونسل کے تعاون سے کیا گیا تھا۔