• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ کی 222 چوٹیاں سر کرکے منفرد ریکارڈ قائم کرنیوالے چوہدری شاہد کے اعزاز میں تقریب

 
چوہدری شاہد احمد(فائل فوٹو)۔
چوہدری شاہد احمد(فائل فوٹو)۔

پاکستانی کوہ پیما چوہدری شاہد احمد یورپ بھر کے واحد پاکستانی ہیں، جنہوں نے اسکاٹ لینڈ کی تمام 222 بلند چوٹیوں کو سر کرکے ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا اور متعدد اعزازات اپنے نام کیے، ان کے اعزاز میں پاکستان پریس کلب اسکاٹ لینڈ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی برطانیہ کے سابق ہیلتھ منسٹر ڈاکٹر زبیر احمد تھے، جبکہ صدارت ڈپٹی ٹو لارڈ میئر گلاسگو حنیف راجہ نے کی۔ 

اس موقع پر چوہدری شاہد احمد کی کامیابیوں پر مبنی کتاب “Breaking the Barriers” کی بھی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر احمد نے چوہدری شاہد احمد کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف اسکاٹ لینڈ بلکہ پاکستان کا نام بھی عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ چوہدری شاہد کی کامیابیاں دونوں قوموں کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

صدرِ تقریب حنیف راجہ ے کہا کہ پاکستانی اپنی محنت، ذہانت، عزم اور جواں مردی کی بدولت دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور چوہدری شاہد احمد اس کی بہترین مثال ہیں۔ ایسے افراد نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

پاکستان پریس کلب اسکاٹ لینڈ کے صدر طاہر انعام شیخ نے شاہد احمد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے افراد ملک و قوم کے لئے فخر کا باعث ہیں اور وہ مستقبل میں بھی اپنی نئی کامیابیوں سے پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر راحت زاہد ، میجر ماجد، عامر بٹ، عاطف امتیاز اور چوہدری ماجد حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شاہد احمد کی تاریخی کامیابیاں نوجوان نسل کے لیے امید، حوصلے اور عزم کا روشن پیغام ہیں۔ اگر نوجوان اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے مسلسل محنت کریں تو وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

دیگر مقررین رانا راشد، جاویداللہ، راجہ عابد حسین اور مصطفیٰ بیگ نے کہا کہ چوہدری شاہد احمد کی کامیابیاں اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں کہ عزم، لگن، مستقل مزاجی اور محنت کے ذریعے دنیا کے کسی بھی شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ چوہدری شاہد احمد نے نہ صرف کوہ پیمائی کے میدان میں نئی تاریخ رقم کی بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی فخر اور حوصلے کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ 

آخر میں چوہدری شاہد احمد نے اپنے خطاب میں نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ دین پر قائم رہتے ہو ئے مقامی معاشرے کی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید