معروف پاکستانی یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر ذوالقرنین سکندر نے یوٹیوبر رجب بٹ کو فتنہ قرار دے دیا۔
ذوالقرنین سکندر نے اپنے یوٹیوب چینل پر رجب بٹ کی جانب سے کی گئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس فتنے کے خلاف اپنی لڑائی کی وجہ سے نہیں لڑ رہا بلکہ یہ ویڈیو میں نے اس لیے بنائی ہے کیونکہ یہ پورے پاکستان کی لڑائی ہے، اس وقت یہ فتنہ پہلے نمبر پر ہے، یہ ایسا فتنہ ہے کہ جس کے ساتھ بیٹھتا ہے اسی کو کاٹتا ہے۔
اُنہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں یہاں فتنہ صرف رجب بٹ کو کہہ رہا ہوں۔
ذوالقرنین سکندر نے کہا کہ رجب بٹ کا دعویٰ ہے کہ اس نے سوشل میڈیا پر خود کامیابی حاصل کی لیکن یہ سچ نہیں ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ رجب بٹ نے 2021ء میں پہلی بار میری اہلیہ کنول آفتاب کو میسج کیا جو کہ کنول آفتاب نے 2023ء میں دیکھا۔
ذوالقرنین سکندر نے بتایا کہ میسج دیکھنے کے بعد کنول نے رجب کو پوڈکاسٹ کے لیے مدعو کیا اور ہم نے سوشل میڈیا پر ویوز حاصل کرنے کے لیے بھی رجب اور ان کی والدہ کا ساتھ دیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہم نے رجب کی شادی کے اخراجات کو پورا کرنے میں بھی مدد کی، ان کی شادی کے ملبوسات سے لے کر میک اپ تک سب چیزوں کا انتظام کنول نے کیا تھا اور میں نے فرنیچر خریدنے میں مدد کی تھی۔
ذوالقرنین سکندر نے یہ انکشاف بھی کیا کہ رجب نے 50 لاکھ روپے حاصل کرنے کے لیے مجھ سے لڑائی کی۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے پاس اپنے تمام دعوؤں کو ثابت کرنے کے لیے میسجز، آڈیو کلپس اور سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں۔