ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد پوٹاشیئم کی کمی کا شکار ہیں، جس سے دل کی بیماریوں اور فالج جیسے سنگین مسائل کا خطرہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق متوازن اور پوٹاشیئم سے بھرپور غذا اپنانے سے فالج کے خطرے میں 20 فیصد جبکہ دل کے امراض میں 24 فیصد تک کمی ممکن ہے، جو اس غذائی جز کو دل کی صحت کے لیے نہایت اہم بناتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کو اس بات کا علم ہی نہیں ہوتا کہ وہ پوٹاشیئم کی کمی کا شکار ہیں، یہ خاموش کمی دل کے دورے اور فالج کے امکانات بڑھانے کے ساتھ ساتھ دیگر طبی مسائل کو بھی جنم دیتی ہے۔
جان ینگ کے مطابق جدید طرزِ زندگی اور غیر متوازن خوراک اس مسئلے کی بڑی وجہ ہیں، فاسٹ فوڈ، پراسیسڈ غذائیں اور زیادہ نمک کا استعمال پوٹاشیئم کی سطح کو کم کر دیتا ہے اور جسم پر سوڈیئم کے منفی اثرات کو بڑھا دیتا ہے۔
پوٹاشیئم جسم میں کئی اہم افعال انجام دیتا ہے، جس میں دل کی دھڑکن کو متوازن رکھنا، بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنا، اعصابی نظام کو فعال رکھنا، پٹھوں کے سکڑاؤ میں مدد دینا شامل ہیں۔
پوٹاشیئم کی کمی کی صورت میں پٹھوں میں کھچاؤ، قبض، سر درد، ذہنی الجھن، ڈپریشن، دل کی بے ترتیب دھڑکن جیسے مسائل سامنے آ سکتے ہیں، جبکہ شدید کمی کی صورت میں سانس اور ہاضمے کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی روزمرہ خوراک میں پوٹاشیئم سے بھرپور غذائیں جیسے پھل، سبزیاں اور قدرتی خوراک شامل کریں تاکہ دل کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے اور مہلک بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔