• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن کی بانیٔ پی ٹی آئی کے بیٹوں سے منسوب جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف بیان کی سخت مذمت

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن---فائل فوٹو
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن---فائل فوٹو 

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بانیٔ پی ٹی آئی کے بیٹوں سے منسوب جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے قومی مفادات کے خلاف خطرناک سازش قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات کسی صورت قابلِ قبول نہیں کیونکہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس پاکستان کی معیشت کے لیے اہم معاشی سہارا ہے اور لاکھوں پاکستانیوں کے روزگار سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے تحت ایسے بیانات دینا دراصل قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

اِن کا کہنا ہے کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے اہلِخانہ نے جی ایس پی پلس کے خلاف کوئی بات نہیں کی، حالانکہ یہ دعویٰ حقائق کے برعکس ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عوام باخوبی دیکھ اور سمجھ رہے ہیں کہ کس طرح مخصوص حلقے ملک کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔

سینئر وزیر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی چیلنجز سے گزر رہا ہے اور ایسے حالات میں اتحاد اور سنجیدگی کی اشد ضرورت ہے، کچھ عناصر ذاتی مفادات کے لیے ملک کے خلاف بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ قومی مفاد کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی اور قوم ایسے طرزِعمل کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید