ماضی کی معروف اسٹیج اداکارہ و رقاصہ دیدار نے انکشاف کیا ہے کہ ریمبو میرے ساتھ بیٹی جیسا سلوک کرتے تھے۔
دیدار نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب میں چھوٹی تھی تو اکثر اپنی بہن نرگس کے ساتھ سیٹ پر چلی جاتی تھی تو ریمبو سیٹ پر میرے ساتھ بالکل بیٹی جیسا سلوک کرتے تھے۔
اداکارہ نے اپنے فلم ڈیبیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری ڈیبیو فلم میں ریمبو نے یہ کہہ کر میرے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ دیدار میرے لیے بیٹی جیسی ہے، وہ مجھے سے بہت چھوٹی ہے، میں اس کے ساتھ رومانوی فلمیں نہیں کر سکتا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ انکار کے بعد میری والدہ نے ریمبو سے درخواست کی کہ اگر آپ نے دیدار کے ساتھ اداکاری کرنے سے انکار کر دیا تو اس کے ساتھ کوئی بھی کام نہیں کرے گا کیونکہ اس نے تو ابھی انڈسٹری میں قدم رکھا ہے۔
دیدار نے بتایا کہ میری والدہ کے اصرار کرنے پر ریمبو نے میرے ساتھ فلم میں کام کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔