واشنگٹن (اے پی پی)امریکا نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کرنسی کے ایسے نوٹ چھاپے جارہے ہیں جن پر صدر کے دستخط ثبت ہوں گے۔ ذرائع نے امریکی محکمہ خزانہ کے حوالے سے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے دستخط کے ساتھ چھاپے گئے نئے کرنسی نوٹ موسم گرما سے دستیاب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقعے پر جاری کیے جانے والے نئے نوٹوں پر سے روایت کے برعکس پہلی بار متعلقہ محکمے کے سربراہ کے دستخط ہٹا دیے جائیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جون میں پہلے 100 ڈالر کے نوٹ چھاپے جائیں گے جن پر صدر ٹرمپ اور وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے دستخط ہوں گے جبکہ دیگر مالیت کے نوٹ بعد میں جاری کئے جائیں گے اور یہ نئے نوٹ بینکوں کے ذریعے مارکیٹ میں آنے میں کچھ ہفتے لے سکتے ہیں۔