لندن( جنگ نیوز) ایم کیو ایم انٹر نیشنل رابطہ کمیٹی نے کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کی بلاجوازگرفتاریوں، جبری گمشدگیوں، کارکنوں کے گھروں پرغیرقانونی چھاپوں اور جعلی مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاپرست کارکنان کاقصوریہ ہے کہ انہوں نے رمضان المبارک کے مہینے میں اپنے اپنے علاقوں میں شہیدوں، اسیروں اوردیگرمستحقین میں امدادی سامان اورزکوٰۃ فطرے کے عطیات تقسیم کئے تھے،انہیں افطارکرایاتھا۔اس پاداش میں کراچی کے علاقے ملیر، لیاری، رنچھوڑ لائن اور محمودآباد سے 6کارکنوں کو عیدالفطر کے موقع پر گرفتار کیا گیا جن میں ملیرسے ارشدوحید، لیاری سے نورمحمد، شاہدارمان، نفیس الغنی، رنچھوڑلائن کے شیخ نواب الدین اور محمودآباد سے مرتضیٰ احمدخان شامل ہیں۔یہ کارکنان تاحال لاپتہ ہیں، ان کی بازیابی کے لیےسندھ ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی جا چکی ہیں۔ حیدرآبادمیں بھی عیدکے موقع پرایم کیوایم کے کئی کارکنوں کےگھروں پر چھاپے مارکر اہل خانہ کوہراساں کیاگیا اوران کےخلاف جھوٹامقدمہ قائم کردیاگیا۔