• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کفایت شعاری، وفاق صوبوں سے 154 ارب طلب کرے گا، موٹرسائیکل اور 3 پہیوں والی گاڑی کیلئے سبسڈی دی جائے گی

اسلام آباد(مہتاب حیدر) وفاقی حکومت نے جمعہ کے روز صوبوں سے 154 ارب روپے طلب کرلیے (جو کہ وفاقی حکومت کے ʼوزیرِ اعظم کفایت شعاری فنڈ کے مساوی ہے) موٹر سائیکل اور 3 پہیوں والی گاڑی پر چار سے چھ ماہ کیلئے سبسڈی دی جائیگی جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مخصوص صارفین کو 20 سے 30لیٹر ماہانہ ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کی تجویزسامنے آئی، جس کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرایا جائیگا،اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول سپلائی 10 مئی تک کیلئے موجود ہے۔اس وقت دو آپشنز زیرِ غور ہیں۔ پہلا یہ کہ بین الاقوامی قیمتوں کا بوجھ براہِ راست صارفین پر منتقل کر دیا جائے اور دوسرا یہ کہ موٹر سائیکلوں (دو پہیہ) کیلئے 20 لیٹر اور رکشوں (تین پہیہ) کیلئے 30 لیٹر تک کی ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جائے۔آئی ٹی کی وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں کو سستا پٹرول فراہم کرنے کیلئے ایک QR کوڈ سسٹم تیار کیا جائیگا۔ اس مقصد کیلئے حکومت 24,000 اسمارٹ اینڈرائیڈ فونز خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے جن پر ʼفیول سبسڈی ایپ استعمال کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اس اقدام کیلئے چار سے چھ ہفتوں کے دورانیے میں 300ارب روپے درکار ہوں گے۔ اب صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ اگلے ہفتے ملاقات کریں گے تاکہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔وزارتِ پٹرولیم نے وفاق اور صوبوں کو مطلع کیا ہے کہ ملک میں ایندھن کی سپلائی 10 مئی 2026 تک ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہے، تاہم اگر خلیجی خطے میں بحران برقرار رہا تو عالمی منڈی میں قیمتیں 100، 150 اور 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخوا (KPK) کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نے اجلاس میں بتایا کہ ایندھن کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، لیکن قیمتوں کی صورتحال پیچیدہ ہو رہی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت وفاق سے مطالبہ کر سکتی ہے کہ ہر صوبے میں ایندھن کی کھپت کا حساب لگایا جائے اور پھر اصل ڈیٹا کی بنیاد پر صوبوں سے فنڈز طلب کیے جائیں۔ وفاق نے صوبوں سے ایکسائز حکام کے پاس رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا بھی مانگ لیا ہے۔وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق، وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعہ کو صدر اور وزیرِ اعظم کی ہدایات کی روشنی میں پٹرولیم مصنوعات کی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔

اہم خبریں سے مزید