پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ و میزبان مشی خان ساتھی اداکارہ ریشم کے حق میں سامنے آگئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر مشی خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹاک شوز کے کانٹینٹ پر بھی تنقید کی جس میں فنکاروں کو مدعو کر کے ریٹنگ کے لیے چٹپٹے سوال و جواب کئے جاتے ہیں۔
مشی خان نے دیدار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کسی پر اس نوعیت کے الزامات لگا رہے ہیں تو آپ کے پاس ٹھوس شواہد ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ساتھ بیٹھی ایک گلوکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ تو کھانا وانا بھی بناتی ہیں، جی ہاں، وہ (ریشم) کھانا بناتی ہیں اور مستحق افراد میں تقسیم بھی کرتی ہیں، اور ہمیں ایسے اچھے کاموں کی تعریف کرنی چاہیے۔
مشی خان نے دیدار کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر ریشم دوسروں کے گھر خراب کر رہی ہیں تو پھر وہ خود اب تک اکیلی کیوں ہے؟ کیونکہ دوسروں کا گھر خراب کرنے والے تو زندگی میں اکیلے نہیں رہتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو دوسروں کے ماضی کو کریدنے کے بجائے اپنی اصلاح پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ ہر شخص کی زندگی میں کچھ نہ کچھ ایسا ہوتا ہے جسے اچھالا جا سکتا ہے۔ شیشے کے گھر میں رہنے والے دوسروں کے گھروں پر پتھر اچھالا نہیں کرتے۔ ریشم ایک بہت اچھی انسان ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد مشی خان کے مؤقف سے اتفاق کر رہی ہے اور لائیو ٹی وی شوز میں کردار کشی کے رجحان کے خلاف ان کے دوٹوک مؤقف کو سراہ رہی ہے۔