امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کو تمام میزائل، ڈرون بنانا اور دہشت گردوں کی سرپرستی بند کرنا ہوگی۔ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیں گے۔
خلیجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اور ایران میں ثالثوں کے ذریعے براہ راست پیغامات کا تبادلہ اور بات چیت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ہمیشہ سفارت کاری کو ترجیح دی ہے، ایرانی حکومت نے پروسی ممالک کو دھمکانے کےلیے اپنے ملک کا سرمایہ حزب اللّٰہ، حماس اور عراقی ملیشیا پر لگایا۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت کو پڑوسی ممالک پر حملوں میں استعمال ہونے والے شارٹ رینج میزائل بنانا بند کرنے ہوں گے، اسے تمام میزائل اور ڈرون بنانا بند کرنا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کو دہشت گردوں کی سرپرستی کرنا بند کرنا ہوگی، تہران دنیا کو بلیک میل کرنے کے لیے جوہری ہتھیار بنانا چاہتا ہے۔ ہم ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں ہمارا فوجی آپریشن ختم ہونے کے بعد آبنائے ہرمز کھُل جائے گی۔ فوجی آپریشن رکنے کے بعد بھی ایران نے آبنائے ہرمز بند رکھی تو ایران کو سنگین نتائج کا سامنا ہوگا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو یا تو ایران کی رضامندی سے دوبارہ کھولا جائے گا، بصورت دیگر امریکا سمیت بین الاقوامی فوجی اتحاد کے ذریعے کھولا جائے گا۔