• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جویریہ سعود نے یمنیٰ زیدی سے معافی مانگ لی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ جویریہ سعود نے ساتھی اداکارہ یمنیٰ زیدی سے معافی مانگ کر جھگڑا ختم کر دیا۔

عید اسپیشل ٹرانسمیشن میں جویریہ سعود کی جانب سے یمنیٰ زیدی کی عمر سے متعلق بالواسطہ طور پر کیے گئے طنزیہ تبصرے کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔

یہ تنازع نجی ٹی وی کی عید اسپیشل ٹرانسمیشن کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شروع ہوا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جویریہ سعود نے پروگرام کے ایک سیگمنٹ کے دوران یمنیٰ زیدی کے بچپن سے منسوب تصویر کو پہچاننے کے لیے شو میں آئے مہمانوں کی مدد کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو پتھر کے زمانے سے کام کر رہے ہیں لیکن ہٹ ابھی ہوئے ہیں۔

یہ وائرل ویڈیو کلپ دیکھنے کے بعد یمنیٰ زیدی نے اپنی انسٹا اسٹورہ پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ میرے بچپن کی تصویر نہیں ہے، یہ جعلی شناختی معلومات ہے، کسی بھی طرح کی معلومات کو ٹیلی ویژن پر نشر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کی جانی چاہیے، شکریہ۔

 جویریہ سعود نے حالیہ تنازع پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد یمنیٰ زیدی سے معافی مانگ لی۔

اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ ہماری ٹیم نے حقائق کی تصدیق کیے بغیر تصویر پروگرام میں نشر کر دی، مجھے اس پر واقعی افسوس ہے اور میں دل سے معافی مانگتی ہوں۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

اُنہوں نے مزید لکھا کہ یمنیٰ! آپ ہمیشہ میرے دل کے بہت قریب رہی ہیں، میرے دل میں آپ کے اور آپ کے کام کے لیے بے پناہ محبت اور احترام ہے۔

اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ جہاں تک عمر سے متعلق تبصرے کا تعلق ہے، بدقسمتی سے اسے غلط سمجھا گیا، میں عمر نہیں بلکہ کیریئر کے دورانیے کے بارے میں بات کر رہی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید