قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ قطر جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ دعاگو ہیں کہ یہ کوششیں خطے کیلئے امن لائیں۔
عرب میڈیا کے مطابق دوحہ میں منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قطری ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر کسی ایک ملک کی اجارہ داری نہیں۔ اس میں خطے کے تمام ممالک شراکت دار ہیں، آبنائے ہرمز کے معاملے کو علاقائی سطح پر حل کیا جانا چاہیے۔
ترجمان قطری وارت خارجہ نے کہا کہ دوسرے ممالک کیساتھ دفاعی شراکت داری نے ہمارے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔ امریکا کیساتھ دفاعی اسٹریٹیجک شراکت داری نے قطر کے وسائل کو تحفظ فراہم کیا۔
ماجد الانصاری نے کہا کہ مذاکرات کی ٹیبل پر جتنی جلدی بیٹھا جائے خطے کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔ قطر جنگ بندی کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے پانی صاف کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مخالفت کرتے ہیں۔
قطری ترجمان نے کہا کہ خلیجی ممالک کے قائدین خطے کے باہمی مفاد کی خاطر ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔