• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرولنگ ہمیشہ کام پر نہیں، ظاہری شکل و صورت پر کی جاتی ہے: ندا یاسر

ندا یاسر— فائل فوٹو
ندا یاسر— فائل فوٹو

اکثر و بیشتر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنے والی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان ندا یاسر کا کہنا ہے کہ ٹرولنگ کبھی کام پر نہیں ہوتی بلکہ زیادہ تر آپ کی ظاہری شکل و صورت پر منفی تبصرے کیے جاتے ہیں۔

حال ہی میں ندا یاسر نے نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے اپنے پروگرام میں اداکار جنید خان کو مدعو کیا۔

ندا یاسر اکثر سوشل میڈیا پر اپنے انداز، ملبوسات یا بعض متنازع بیانات کے باعث خبروں میں رہتی ہیں۔

تقریباً 2.6 ملین فالوورز کے ساتھ ان کی معمولی غلطیاں بھی وائرل ہو جاتی ہیں، جس کے بعد انہیں شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

حال ہی میں ندا یاسر نے اپنے مارننگ شو میں سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کیا، جبکہ اداکار جنید خان نے بھی اس موضوع پر اپنی رائے دی۔

ندا یاسر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی تبصرے ہمیشہ آپ کے پیشہ ورانہ کام سے متعلق نہیں ہوتے بلکہ زیادہ تر آپ کی ظاہری شکل و صورت پر کیے جاتے ہیں، مثال کے طور پر لوگ سوال کرتے ہیں کہ آپ کا پیٹ کیوں نظر آ رہا ہے یا کوئی گنجا کیوں لگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین ہمیشہ آپ کی عمر یا شکل کو نشانہ بناتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ کچھ مایوس خواتین سوشل میڈیا پر بیٹھی ہیں جو اپنی زندگی سے خوش نہیں اور ان کا واحد کام اداکاروں پر منفی تبصرے کرنا ہے۔

اس موقع پر جنید خان نے کہا کہ سوشل میڈیا میرے لیے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ میں منفی تبصرے پڑھتا ہی نہیں ہوں۔

ان کے مطابق اگر کبھی ایسے تبصرے نظر بھی آ جائیں تو میں انہیں نظر انداز کر دیتا ہوں۔

جنید خان نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات عوام درست بھی ہوتے ہیں، اس لیے انسان کو اپنی غلطیوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید