مشہور کینیڈین گلوکارہ سیلین ڈیون نے طویل بیماری کے بعد اسٹیج پر واپسی کا اعلان کر دیا ہے، جسے انہوں نے اپنی سالگرہ کا ’بہترین تحفہ‘ قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں 58 سالہ گلوکارہ نے بتایا کہ ان کی صحت میں بہتری آئی ہے اور وہ ستمبر سے پیرس میں شوز کی ایک سیریز کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال مجھے زندگی کا سب سے خوبصورت تحفہ ملا ہے، آپ سب سے دوبارہ ملنے اور آپ کے لیے گانے کا موقع۔
سیلین ڈیون ایک نیا گانا بھی جاری کریں گی، جو معروف موسیقار ژاں ژاک گولڈمین نے تیار کیا ہے توقع ہے کہ وہ یہ نیا گانا پیرس کے شوز میں پیش کریں گی۔
سیلین ڈیون نے 2022 میں انکشاف کیا تھا کہ وہ ایک لاعلاج بیماری کا شکار ہیں، اسی وجہ سے انہیں اپنے شوز منسوخ کرنا پڑے، تاہم انہوں نے حال ہی میں کہا کہ میں اپنی صحت کو سنبھال رہی ہوں، خود کو بہتر محسوس کر رہی ہوں اور دوبارہ گانا شروع کر دیا ہے، حتیٰ کہ تھوڑا بہت رقص بھی کر رہی ہوں۔
سیلین ڈیون اس سے قبل پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب میں ایفل ٹاور سے شاندار پرفارمنس دے چکی ہیں۔ اب وہ 12 ستمبر سے پیرس لا ڈیفانس ایرینا میں پانچ ہفتوں کے دوران 10 شوز کریں گی۔
260 ملین سے زائد البمز فروخت کرنے والی اور 5 گریمی ایوارڈز جیتنے والی یہ لیجنڈری گلوکارہ ایک بار پھر اپنے مداحوں کے دل جیتنے کے لیے تیار ہیں۔