• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے امریکا کو مزید تباہ کُن حملوں سے خبردار کر دیا

ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری— تصویر غیر ملکی میڈیا
ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری— تصویر غیر ملکی میڈیا

ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا کو مزید تباہ کُن حملوں سے خبردار کر دیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک امریکا مستقل ذلت اور ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں ہو جاتا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کے ایرانی عسکری قوت کے کمزور پڑنے سے متعلق دعوؤں کو مسترد کر دیا۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے پاس اب بہت کم میزائل رہ گئے ہیں جبکہ اس کی میزائل اور ڈرون حملے کرنے کی صلاحیت نمایاں طور پر محدود ہو چکی ہے۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا تھا کہ آئندہ 2 سے 3 ہفتوں میں امریکا ایران کو ’اسٹون ایج‘ (پتھروں کے دور) میں واپس لے جائے گا اور یہ کہ امریکی افواج بہت جلد اپنے تمام جنگی اہداف حاصل کر لیں گی۔

ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران امریکی اور اسرائیلی افواج کے خلاف مزید طاقتور، وسیع اور تباہ کن حملے کرے گا۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ ہماری فوجی طاقت اور ساز و سامان کے بارے میں آپ کی معلومات نامکمل ہیں، آپ ہماری وسیع اسٹریٹجک صلاحیتوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔

انہوں نے واشنگٹن کو خبردار کیا کہ یہ نہ سمجھا جائے کہ امریکی افواج نے ایران کے اسٹریٹجک میزائل پیداوار کے مراکز کو تباہ کر دیا ہے، میزائل سازی کی تنصیبات، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار، جدید ڈرونز، ایئر ڈیفنس سسٹمز اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتیں اب بھی محفوظ اور فعال ہیں۔

ذوالفقاری نے کہا کہ ایسی غلط فہمیاں آپ کو مزید اس دلدل میں دھکیلیں گی جس میں آپ پہلے ہی پھنس چکے ہیں۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق جن مقامات کو امریکا نے نشانہ بنایا وہ غیر اہم تھے، جبکہ اصل عسکری پیداوار ان جگہوں پر ہو رہی ہے جو امریکا کی پہنچ سے باہر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے میزائلوں، ڈرونز اور اسٹریٹجک نظاموں کو گننے کی کوشش نہ کریں، آپ غلط ثابت ہوں گے اور کچھ حاصل نہیں کر سکیں گے۔

امریکا اور اسرائیل پر جنگ شروع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایرانی عہدیدار نے جوابی کارروائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید