کراچی میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے صوبے بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی بر وقت امداد اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنا یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں رین ایمرجنسی کے پیشِ نظر ریسکیو اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تمام ایس ایس پیز کو اپنے اپنے اضلاع میں فیلڈ میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے سیلابی صورتِحال یا ندی نالوں میں طغیانی کی صورت میں فوری ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔