• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یقین رکھیں اپریل میں موٹرسائیکل سواروں کو 2 ہزار روپے سبسڈی دے دی جائے گی: وزیرِ اعلیٰ سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ—فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ یقین رکھیں اپریل میں 2 ہزار روپے سبسڈی دے دی جائے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہر موٹر سائیکل سوار کو 2 ہزار روپے کی سبسڈی دیں گے، اگر کسی نے موٹر سائیکل کو اپنے نام کرنا ہے تو اس کی فیس ختم کر دی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے 20 لیٹر پر سبسڈی کا اعلان کیا تھا، موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کے سلسلے کا آغاز ہو گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ موٹر سائیکل شہری کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے، محکمۂ ایکسائز کی ویب سائٹ سے رجسٹریشن چیک کی جا سکتی ہے، محکمۂ ایکسائز کے دفاتر صبح سے رات تک کھلے رہیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل صارف کو خودکار نظام کے تحت بینک اکاؤنٹ میں فیول سبسڈی رقم ملے گی، ضروری ہے کہ موٹر سائیکل اپنے نام کروائیں اور بینک اکاؤنٹ بھی آپ کے نام پر ہو۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری تاجروں سے ملاقات ہوئی ہے، سب کا نکتۂ نظر مختلف ہے، وفاق سے کہا ہے کہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے، سندھ میں 6.7 ملین رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ شہری taxportal.excise.gos.pk پر سبسڈی کے لیے اندراج کریں گے، موٹر سائیکل رجسٹریشن منتقلی ہفتہ اتوار کو بھی ہو سکے گی، اگر آپ کے نام پر ایک سے زیادہ موٹر سائیکلیں ہیں تو ایک ہی پر سبسڈی ملے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے تمام ٹرانسپورٹرز کو بٹھایا، انہوں نے کرایہ نہ بڑھانے کی تصدیق کی، اگر کرایہ زیادہ لیا جا رہا ہے تو یہ جرم ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم ٹرانسپورٹر کو پیسے دینے کے بجائے براہِ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں، ہمیں سب کو سبسڈی دینے کے بجائے براہ راست ضرورت مندوں تک پہنچنا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید