ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اس وقت تک 1 کروڑ 40 لاکھ سے زائد قابلِ فخر ایرانیوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہونے کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ میں خود بھی ایران کے لیے قربانی دینے والوں میں شامل ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔
دوسری جانب ایرانی دارالحکومت تہران کی فضا میں لڑاکا طیاروں کی پروازیں دیکھی گئی ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ رپورٹس کے مطابق تہران میں کم از کم 3 زوردار دھماکے سنے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے صوبے لورستان میں خرم آباد ایئر پورٹ کو امریکی اور اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا، تاہم ہلاکتوں یا زخمیوں کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔