• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی ایرانی شہری تنصیبات پر حملے کی دھمکیاں بے کار ہیں: وزیرِ اعظم نیوزی لینڈ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم کرسٹوفر لکسن— فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم کرسٹوفر لکسن— فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم کرسٹوفر لکسن نے ایرانی شہری انفرااسٹرکچر پر حملے کی ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کو بے کار قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم نے ریڈیو نیوزی لینڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکیاں مددگار نہیں کیونکہ مزید فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بنیادی بات یہ ہے کہ اس تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے پر توجہ مرکوز ہونی چاہیے۔

وزیرِاعظم نیوزی لینڈ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر امریکی صدر کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں، ان میں سے کوئی بھی اقدام، بشمول پلوں، آبی ذخائر اور شہری انفرااسٹرکچر پر بم باری ناقابلِ قبول ہو گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں ایران کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ منگل کو ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں کے لیے فیصلہ کُن دن ہو سکتا ہے۔

اُنہوں نے کارروائی کی ڈیڈ لائن 8 بجے شام (مشرقی وقت کے مطابق) مقرر کرنے کا بھی ذکر کیا تھا۔

دوسری جانب جنگ بندی کی 45 روزہ تجویز پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا ہے کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہے لیکن ابھی قابلِ قبول نہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

دریں اثناء نیوزی لینڈ کے وزیرِ خارجہ ونسٹن پیٹرز واشنگٹن میں اس ہفتے ہونے والی ملاقات کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو ایک پیغام پہنچانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس میں تنازع کو تیزی سے کم کرنے پر زور دیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید