پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے مسلسل دوسرے سال بھی داخلہ ٹیسٹ کے میرٹ کو کم کر دیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے مراسلے کے مطابق ملک بھر کے نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی خالی نشستیں پر کرنے کے لیے تعلیمی سیشن 2025-26 میں داخلہ ٹیسٹ کے میرٹ کو کم کر دیا گیا ہے جس کے مطابق میرٹ میں 3 فیصد تک کمی کی اجازت ہوگی۔
اس کے تحت ایم بی بی ایس کیلئے کم از کم پاسنگ مارکس 52 فیصد اور بی ڈی ایس کیلئے 47 فیصد مقرر کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ برس جو کمی کی گئی تھی وہ ایم بی بی ایس کیلئے 50 فیصد اور بی ڈی ایس کے لیے 45 فیصد نمبروں کی تھی۔
بدھ کو جاری کردہ مراسلے کے مطابق کونسل نے قومی سطح پر غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ایڈمیشن ریگولیشنز 2025 کے تحت مکمل ہونے والے تمام داخلے بدستور درست اور قانونی تصور ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ جامعات جن کے پاس پہلے سے اہل طلبہ کا پول موجود ہے، وہ خالی نشستیں پُر کرتے وقت انہی طلبہ کو ترجیح دیں، خصوصاً نجی میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں۔ مزید کہا گیا ہے کہ اگر تمام اہل طلبہ کو زیر غور لانے کے باوجود نشستیں خالی رہ جائیں تو جامعات کو ایک مرتبہ کیلئے ایم ڈی کیٹ پاسنگ فیصد میں زیادہ سے زیادہ 3 فیصد تک کمی کی اجازت ہوگی۔ اس کے تحت ایم بی بی ایس کیلئے کم از کم پاسنگ مارکس 52 فیصد اور بی ڈی ایس کیلئے 47 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ یہ رعایت صرف تعلیمی سال 2025-26 کیلئے خالی نشستوں تک محدود ہوگی اور داخلوں کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور ادارہ جاتی جوابدہی کو یقینی بنانا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نجی اداروں کو فیسوں میں کمی پر بھی غور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مستحق طلبہ کیلئے میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم تک رسائی آسان بنائی جا سکے۔
داخلوں کی آخری تاریخ 15 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ صوبائی محکمہ صحت اور متعلقہ جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔