پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پیکا ایکٹ 2025 میں ترامیم کو متفقہ طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے سخت اور کالا قانون قرار دیا ہے۔
پی ایف یو جے کا کہنا ہے کہ یہ قانون صحافیوں کو دباؤ میں لانے اور میڈیا کے آزادانہ کردار کو مکمل طور پر محدود کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
لاہور پریس کلب میں پی ایف یو جے کے جرنلسٹس کنونشن میں پیش کی جانے والی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ وعدہ کیا گیا تھا پیکا ایکٹ صحافیوں کے خلاف استعمال نہیں ہوگا، اس وعدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
پیکا قانون کے تحت صحافیوں کے خلاف تمام مقدمات غیر مشروط طور پر فوری واپس لیے جائیں۔ پیکا ایکٹ کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے تاکہ یہ بطور سیاسی انتقام استعمال نہ ہو۔
صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تمام واجب الادا تنخواہیں اور بقایا جات کلیئر کیے جائیں، موجودہ خوف و ہراس کا ماحول ناقابلِ برداشت ہے اور ملک کے جمہوری ڈھانچے کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔