مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے جس کے نتیجے میں آج ملک بھر سے مجموعی طور پر 37 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
فضائی حکام کے مطابق کراچی سے جدہ، نجف، ابوظبی، مدینہ، شارجہ اور دبئی جانے والی 11 پروازیں جبکہ لاہور سے دبئی، فجیرہ، کویت اور شارجہ کی 8 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد سے کویت، العین، فجیرہ اور بحرین کے لیے 10 پروازیں جبکہ اسلام آباد سے کراچی اور گلگت کی 7 اندرونِ ملک پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
مزید برآں لاہور سے کراچی اور اسکردو جانے والی 4 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق خطے کی غیر یقینی صورتِ حال کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہوا ہے جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی صورتِ حال متعلقہ ایئر لائن سے ضرور معلوم کریں۔