امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے لبنان سے مذاکرات کی فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست پر کیا۔
ذرائع کے حوالے سے سی این این نے خبر دی ہے کہ بدھ کے روز ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ٹیلی فون پر بات ہوئی۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو لبنان پر حملے روکنے اور مذاکرات کرنے کا کہا۔
سی این این کے مطابق یہ واضح نہیں کہ نیتن یاہو حملے روکنے کی ٹرمپ کی ہدایت ماننے پر راضی ہوئے یا نہیں؟
اسرائیلی ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ لبنان پر حملے روکنے کا فیصلہ نہیں ہوا، مذاکرات حملوں کے دوران ہی ہوں گے۔
دوسری جانب لبنان کے صدر جوزف عون کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور لبنان میں براہ راست مذاکرات کا آغاز ہوگیا، جنگ بندی ہی واحد حل ہے۔
اپنے بیان میں لبنانی صدر جوزف عون نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے، اب تک مثبت جواب ملا ہے، موجودہ صورتحال کا واحد حل اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کے ساتھ جلد براہ راست بات چیت کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اپنے بیان میں نیتن ہاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل ’جلد از جلد‘ لبنان کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرے گا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ لبنان کی جانب سے براہِ راست مذاکرات کے بار بار مطالبات کے پیشِ نظر میں نے کل کابینہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ لبنان کے ساتھ جلد از جلد براہِ راست مذاکرات شروع کرے۔