امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دنیا کا سب سے طاقتور ری سیٹ ہوگیا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر مختصر بیان میں لکھا ’’دنیا کا سب سے طاقتور ری سیٹ‘‘، بظاہر اس پوسٹ میں کوئی مزید حوالہ نہیں ہے۔ لیکن امریکی میڈیا نے اس پر کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے یہ جملے ایران سے مذاکرات کے حوالے سے ہیں۔
کچھ ہی دیر میں دوسرے سوشل میڈیا بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پلانٹیر ٹیکنالوجیز نے جنگی کارروائیوں میں اپنی مضبوط صلاحیتوں اور آلات کو ثابت کردیا، یہ بات ہمارے دشمنوں سے پوچھ لیں۔
خیال رہے کہ پلانٹیر ٹیکنالوجیز امریکی سافٹ ویئر کمپنی ہے جو حکومتی ایجنسیوں، دفاعی اور کاروباری اداروں کے لیے کام کرتی ہے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اسلام آباد آنے کے لیے امریکا کے شہر میری لینڈ سے روانہ ہوگئے۔ اسلام آباد مذاکرات کے لیے امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پر مشتمل ہوگا۔
ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف شامل ہوں گے۔ پاکستان نے مہمان وفود اور ایران اور امریکا سے آنے والے مہمان صحافیوں کو ویزا سہولت دے دی۔
روانگی سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ انہیں یقین ہے مذاکرات مثبت ہوں گے۔ ایران نیک نیتی دکھائے تو امریکا بھی تیار ہے۔ ایران نے کھیلنے کی کوشش کی تو اسے قبول نہیں کریں گے۔