کراچی (نیوز ڈیسک) ایران میں امریکی فضائی اہلکار کی تلاش کے دوران خفیہ دھوکا دہی آپریشن، سی آئی اے نے اسرائیلی نژاد گروپ کے پیگاسس سافٹ ویئر کے ذریعے ایرانی حکام کو جعلی پیغامات بھیجے، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، بھوت سرگوشی نامی نظام سے دل کی دھڑکن کے اشاروں پر مقام کا سراغ لگایا گیا۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے ایران میں گرے ہوئے امریکی فضائی اہلکار کی تلاش اور ریسکیو کے دوران مبینہ طور پر اسرائیلی نژاد این ایس او گروپ کے پیگاسس سافٹ ویئر کو ایک دھوکا دہی کی کارروائی میں استعمال کیا، جس کے ذریعے ایرانی قیادت اور پاسدارانِ انقلاب کے اہلکاروں کو جعلی پیغامات بھیجے گئے کہ مذکورہ اہلکار کو پہلے ہی تلاش کر لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی اس بڑے ریسکیو آپریشن کا حصہ تھی جس میں امریکی اور اتحادی افواج نے خفیہ معلومات اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے اہلکار کا سراغ لگایا۔ اسی دوران ایک انتہائی جدید نظام جسے ’’بھوت سرگوشی‘‘ کہا جا رہا ہے، کے ذریعے دور دراز فاصلے سے دل کی دھڑکن کے اشاروں کی مدد سے اہلکار کی موجودگی کا پتہ چلانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس آپریشن میں امریکہ اور اسرائیل کے درمیان انٹیلی جنس تعاون بھی شامل تھا، جبکہ اس واقعے نے پیگاسس سافٹ ویئر کے استعمال اور جدید جاسوسی ٹیکنالوجی پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔