امریکا اور ایران جنگ کے خاتمے کیلئے فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ امریکی اور ایرانی عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں منگل کے روز پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک جنگ بندی فریم ورک معاہدے کے قریب ترین پہنچ گئے ہیں۔
اس سے قبل امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ ختم ہونے کے قریب ہے ، ایران بہت شدت سے معاہدہ کرنا چاہتا ہے، آنے والے دو دنوں میں ایک حیرت انگیز منظر دیکھنے کو ملے گا، امریکا کی ترجیح معاہدہ کرنا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے حملوں پر خلیجی ملکوں کو شدید دھچکا پہنچا۔ انہیں ہرگز توقع نہیں تھی کہ ایران اُن پر حملہ کردے گا ۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان کا استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفد کے دیگر اراکین بھی تہران پہنچے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا دورۂ ایران جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
قبل ازیں، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ ایران پاکستان کے ذریعے امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔