مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے سبب لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد بڑھ گئی ہے اور صرف گزشتہ ماہ مارچ میں ٹرانسفر مسافروں کی تعداد میں دس فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق دبئی، دوحہ اور ابوظہبی کے ایئرپورٹس یورپ اور ایشیا و آسٹریلیا کے درمیان سفر کے لیے اہم مراکز ہیں۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اس کے چار ٹرمنلز سے مجموعی طور پر 6.6 ملین مسافروں نے سفر کیا، یہ تعداد گزشتہ برس مارچ کے مقابلے میں 6.9 فیصد زائد ہے اور یہ ایئرپورٹ کی تاریخ کا مصروف ترین مارچ تھا۔
تاہم ایئرپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ تنازع کے حل نہ ہونے کی صورت میں آنے والے مہینوں کا منظرنامہ غیر یقینی ہے۔
جنگ کے سبب جیٹ فیول پر پڑنے والا اثر ایئرپورٹ کی کارکردگی پر اثرانداز تو نہیں ہو سکا، صورت حال کی نگرانی جاری ہے۔ حکومت اور ایئرلائنز کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ مسافروں کے سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو تھامس وولڈ بائے نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کا بحران سفری رجحان بدل رہا ہے۔
واضح رہے کہ دبئی برطانوی سیاحوں کا پسندیدہ مقام تھا لیکن جنگ کے باعث اب وہ یورپی ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔