• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی، 155 عازمین کا پُرتپاک استقبال

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی، مدینہ پہنچنے والے 155 عازمین کا پرتپاک اور باوقار استقبال کیا گیا۔

عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فوری فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو اور ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل نے عازمین کا استقبال کیا جبکہ کوآرڈینیٹر مدینہ کاشف حسین اور ڈائریکٹر مکہ عارف اسلم راؤ نے بھی عازمین کا خیر مقدم کیا۔

ترجمان کے مطابق استقبال کے دوران عازمین پر پھول نچھاور کیے اور تحائف پیش کیے گئے۔ سعودی ثقافتی خوش آمدیدی نغموں اور دف کی تھاپ نے فضا کو مزید روحانی اور یادگار بنا دیا۔

عازمین کو مدینہ پہنچتے ہی مرکزیہ کے علاقے میں معیاری رہائش فراہم کر دی گئی ہے جبکہ عازمین کے آرام اور سہولت کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

عبادات اور نقل و حرکت میں دشواری سے بچنے کیلئے عازمین کو نسک کارڈز جاری کردیے گئے ہیں۔ مہمان نوازی کے تحت عازمین کی تواضع مشروبات اور کھجور سے کی گئی جبکہ عازمین کو اعلیٰ اور معیاری ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔

انتظامات کی نگرانی اعلیٰ حکام نے خود کی تاکہ ہر مرحلے پر معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

عازمین نے بہترین انتظامات پر وزارتِ مذہبی امور پاکستان اور حج مشن پاکستان کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سے مدینہ منورہ تک سفر کے تمام انتظامات نہایت خوش آئند اور تسلی بخش رہے، جس سے ان کے مقدس سفر کا آغاز خوشگوار انداز میں ہوا۔

حکام کے مطابق آئندہ آنے والی پروازوں کے لیے بھی اسی طرز کے مؤثر اور مربوط انتظامات کیے گئے جبکہ مختلف شعبہ جات کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ ہر عازمِ حج کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

قومی خبریں سے مزید