چین نے امریکا کی جانب سے ایرانی کارگو جہاز قبضے میں لینے کے اقدام پر تشویش ظاہر کردی۔
ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ جہاز کو زبردستی روکے جانے پر تشویش ہے، امریکا ایران مزاکرات نازک مرحلے پر ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امید ہے فریقین جنگ بندی معاہدے کی پاس داری کے لیے ذمے دارانہ انداز میں کام کریں گے، چین جاری مذاکرات میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ چین سے آنے والے ایرانی بحری جہاز پر امریکا کے حملے کے بعد ایران نے مذاکرات کو امریکی ناکا بندی کے خاتمے سے مشروط کردیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ فیصلے سے ثالث پاکستان کو آگاہ کردیا، امریکا سفارتی عمل آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا نے بحری ناکا بندی اور ایرانی جہاز پر حملہ کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، موجودہ صورتِ حال کے باعث آبنائے ہرمز کو یک طرفہ طور پر معمول پر لانا ممکن نہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی تجاویز غیر سنجیدہ اور مطالبات غیر حقیقی ہیں، ایران سے جوہری مواد کی بیرونِ ملک منتقلی کبھی مذاکرات کا حصہ نہیں رہی۔
اس سے پہلے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ دشمن پر عدم اعتماد اور باہمی روابط میں محتاط رہنا ناقابلِ تردید ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ، کشیدگی میں کمی کے لیے ہر معقول اور سفارتی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔