محکمۂ تعلیم سندھ نے صوبے کے نجی اسکولوں کے لیے فیس نظام سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن رفیعہ جاوید کے مطابق میٹرک کے طلبہ سے صرف مارچ 2026ء تک فیس وصول کی جائے گی، جبکہ اپریل 2026ء کے بعد اضافی فیس عائد نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ صوبے میں تعلیمی سال 27-2026ء یکم اپریل سے شروع ہو چکا ہے جبکہ میٹرک کے امتحانات 10 اپریل 2026ء سے جاری ہیں۔
اس دوران اپریل کے امتحانات دینے والے طلبہ پر کسی قسم کی اضافی فیس نہیں لگائی جائے گی۔
حکام کے مطابق نویں سے دسویں جماعت میں جانے والے طلبہ کے لیے فیس کا واضح شیڈول موجود ہے، جبکہ اپریل اور مئی کے دوران جون اور جولائی 2026ء کی فیس وصول کی جائے گی۔
محکمۂ تعلیم نے پری پرائمری سے لے کر کلاس نہم تک کے طلبہ کو بھی نئے فیس نظام میں شامل کر دیا ہے اور اسکولوں کو علیحدہ فیس واؤچر جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق جون کے فیس واؤچرز 30 جون تک جبکہ جولائی کے واؤچرز 31 جولائی 2026ء تک مؤثر رہیں گے۔