کراچی (نیوز ڈیسک)نئی سیٹلائٹ تصاویر میں ایرانی جوہری تنصیبات کی ممکنہ بحالی کے آثار، سی این این کے خصوصی تجزیے میں نئی تعمیراتی سرگرمیوں کا دعویٰ، آزادانہ تصدیق پیش نہیں کی گئی۔ امریکی نشریاتی ادارے نے خصوصی سیٹلائٹ تصاویر اور ان کے تجزیے کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر اپنی مشتبہ جوہری تنصیبات کی بحالی کی کوشش کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ تصاویر سائنس اینڈ انٹرنیشنل سکیورٹی انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے حاصل اور تجزیہ کی گئی ہیں۔ سی این این کا کہنا ہے کہ ان سرگرمیوں سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا ایران نے جون کے آخر میں امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزی کی تھی، وہ بھی اس سے پہلے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے حملوں کے ذریعے اس معاہدے کے خاتمے کا اشارہ دیا۔ رپورٹ میں ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق پیش نہیں کی گئی۔