کراچی میں شدید گرمی کے پیشِ نظر کے-الیکٹرک نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کردی۔
کے۔الیکٹرک نے اپنے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک، جو شدید گرمی کے اوقات ہیں، غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے یا سخت جسمانی مشقت سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کراچی میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے اس کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
کے۔الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے کہا کہ جیسے جیسے بجلی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، کے۔الیکٹرک کراچی کو بجلی کی پائیدار فراہمی یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پُرعزم ہے۔
ترجمان کے مطابق ہماری فیلڈ ٹیمیں کسی بھی خرابی کی صورت میں فوری بحالی کو یقینی بنانے کےلیے الرٹ ہیں۔ تاہم ہم عوام سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ موجودہ موسمی حالات پر گہری نظر رکھیں اور شدید گرمی سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں۔
ترجمان کے مطابق کے۔الیکٹرک تمام شہری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور اپنی بھرپور صلاحیت کے مطابق تعاون کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث طلب میں اضافے کے پیشِ نظر کے۔الیکٹرک اپنے سپلائرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ بجلی کی فراہمی برقرار رکھی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق کے۔الیکٹرک کی جانب سے حفاظتی بنیادوں پر ہونے والی مینٹیننس کو معطل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق محسوس کیے جانے والا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے اور اگر ایسا ہوا تو کے۔الیکٹرک کی جانب سے معاشی بنیادوں پر ہونے والی لوڈشیڈنگ کو بھی معطل کر دیا جائے گا۔
کے۔الیکٹرک کی اپنے صارفین سے درخواست ہے کہ وہ شدید گرمی کے اوقات میں خصوصی احتیاط برتیں، خود کو پانی کی کمی سے محفوظ رکھیں، ہلکے اور ہوا دار کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ براہِ راست دھوپ اور گرمی سے بچا جا سکے۔