متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ہائیکنگ گائیڈ نے ہیٹ اسٹروک میں مبتلا خاتون کو اپنی پیٹھ پر اُٹھا کر 3 گھنٹے طویل دشوار پہاڑی راستہ طے کر کے ریسکیو کیا۔
رپورٹ کے مطابق 43 سالہ ہائیکنگ گائیڈ فیصل شلمانی 25 اپریل کو راس العشر گاؤں میں 16 ہائیکرز کو ہائکنگ ٹریک پر لے کر جا رہے تھے جب انہیں ایک ہنگامی صورتِ حال سے آگاہ کیا گیا، اطلاع ملتے ہی اُنہوں نے اپنی ٹیم کو ساتھی گائیڈ کے حوالے کر دیا اور 15 منٹ میں جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
پاکستانی ہائیکنگ گائیڈ کے جائے وقوع تک پہنچنے تک خاتون کی حالت پہلے ہی بگڑ چکی تھی۔
اُنہوں نے اپنے 15 سال سے زیادہ ہائیکنگ کے تجربے کے ساتھ فوری طور پر ہنگامی ابتدائی طبی امداد شروع کی۔
ہائیکنگ گائیڈ نے ایک گیلے کپڑے اور ہوا کی مدد سے خاتون کے جسم کے درجۂ حرارت کو کم کرنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی۔
اس ناہموار علاقے سے انخلاء ایک سنگین چیلنج تھا کیونکہ وہاں فوری طور پر ریسکیو کے لیے فضائی یا زمینی مدد دستیاب نہیں تھی۔
یہی وجہ تھی کہ فیصل شلمانی نے خاتون کو خود ریسکیو کرنے کا فیصلہ کیا، اُنہوں نے نیم بے ہوش خاتون کو اپنی پیٹھ پر اُٹھایا اور دشوار پہاڑی راستے طے کر کے خاتون کو بچایا۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی ہائیکنگ گائیڈ کے اس اقدام کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے ان کی بہت تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔