فلم ایک دن میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ سائی پلوی نے سوشل میڈیا پر ہندی زبان نہ بولنے پر ہونے والی ٹرولنگ کے بعد نئے بیان میں کہا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ انہیں اس فلم میں ’غلط کاسٹ‘ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں فلم کے حوالے سے منعقدہ ایونٹ کے بعد سائی پلوی کو ہندی بولنے میں مشکلات کے باعث شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عامر خان ٹاکیز کے یوٹیوب چینل پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں سائی پلوی نے بتایا کہ انہوں نے فلم کے پریمیئر پر عامر خان سے کہا تھا: ’مجھے لگتا ہے کہ مجھے یہ کردار نہیں کرنا چاہیے تھا، مجھے لگتا ہے کہ میں غلط کاسٹ ہوئی ہوں۔‘
تاہم شریک اداکار جنید خان نے ان کے خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کردار انہی کے لیے تھا۔
سائی پلوی نے مزید کہا کہ وہ اس وقت ہلکی نوعیت کی فلم کرنا چاہتی تھیں کیونکہ پہلے وہ کئی بھاری موضوعات پر مبنی فلمیں کر چکی تھیں۔ انہیں لگا کہ ایک دن فلم بیفور سن رائز جیسی ہوگی، جو ان کی پسندیدہ فلم ہے۔
یہ سائی کی ہندی سنیما میں پہلی فلم ہے، جس میں انہوں نے ’میرا‘ کا کردار ادا کیا۔
عامر خان پروڈکشنز کے تحت بننے والی یہ فلم 2016 کی تھائی فلم ون ڈے کا ری میک ہے۔