• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسٹاگرام کی بڑی کارروائی، لاکھوں جعلی فالوورز حذف، کئی مشہور شخصیات متاثر

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے جعلی اور مشتبہ بوٹ اکاؤنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں فالوورز کو حذف کر دیا، جس کے بعد دنیا بھر کی کئی معروف شخصیات کے فالوورز میں اچانک بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

متاثر ہونے والی مشہور شخصیات میں سیلینا گومز، رونالڈو، ویرات کوہلی، ٹیلر سوئفٹ اور دیگر شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے تقریباً 50 لاکھ فالوورز کم ہوئے، جبکہ آریانا گرانڈے اور بی ٹی ایس کے فالوورز میں تقریباً 70 لاکھ کی کمی دیکھی گئی، اسی طرح کرسٹیانو رونالڈو کے فالوورز میں تقریباً 80 لاکھ کی کمی سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب کیلی جینر کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان کے 1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد فالوورز حذف ہو گئے، جبکہ بلیک پنک کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی تقریباً 1 کروڑ فالوورز کم ہوئے ہیں۔

یہ اقدام میٹا کی جانب سے بوٹ پرج مہم کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد پلیٹ فارم سے جعلی، اسپام اور غیر فعال اکاؤنٹس کو ختم کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ فالوورز میں کمی کسی ہیکنگ یا سائبر حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ انسٹاگرام کی جانب سے کیے گئے بڑے کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انسٹاگرام اپنی اے آئی بیسڈ ماڈریشن سسٹم کے ذریعے غیر حقیقی اور منظم سرگرمیوں کی شناخت کر رہا ہے، اس دوران کچھ حقیقی مگر غیر فعال اکاؤنٹس بھی غلطی سے حذف ہو سکتے ہیں۔

اگرچہ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے جعلی اکاؤنٹس کے خاتمے کو مثبت اقدام قرار دیا ہے، تاہم بعض افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرحوم افراد کے غیر فعال اکاؤنٹس بھی اس کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں۔

انسٹاگرام کے قوانین کے مطابق کسی تصدیق شدہ مرحوم شخص کے اکاؤنٹ کو میموریلائز کیا جا سکتا ہے، تاہم تمام غیر فعال اکاؤنٹس اس زمرے میں شامل نہیں ہوتے۔

اب تک میٹا کی جانب سے اس نئی کارروائی پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

خاص رپورٹ سے مزید