• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر کراچی کی ہیلمٹ اور لائسنس کے بغیر الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی آمد

ویڈیو گریب۔
ویڈیو گریب۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ہیلمٹ اور لائسنس کے بغیر الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے۔ 

کراچی میں میئر مرتضیٰ وہاب اس وقت توجہ کا مرکز بن گئے جب وہ الیکٹرک موٹر سائیکل پر سوار ہوکر سندھ اسمبلی پہنچے۔ میئر کراچی نے ہیلمٹ نہیں پہنا تھا جبکہ موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی۔ 

میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ ایک اہم میٹنگ میں شرکت کے لیے اسمبلی آئے ہیں۔ موٹر سائیکل چلانا ان کے لیے کوئی مشکل کام نہیں کیونکہ وہ بچپن میں سائیکل چلایا کرتے تھے۔ 

انہوں نے خوشگوار انداز میں بتایا کہ اگرچہ ان کے پاس گاڑی چلانے کا لائسنس موجود ہے لیکن موٹر سائیکل کا لائسنس ابھی نہیں بنوایا۔ اب وہ ہیلمٹ بھی لیں گے اور موٹر سائیکل لائسنس کے لیے باقاعدہ درخواست بھی دیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرنی چاہیے اور حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنانا چاہیے۔ 

میئر کراچی کی الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی آمد کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہیں جبکہ شہری اس اقدام کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید