امریکا کے ڈینور ایئرپورٹ پر طیارے نے مسافر کو ٹکر مار دی، جس کے باعث جہاز میں آگ لگ گئی، حادثے کے فوراً بعد پائلٹ کی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطے کی آڈیو سامنے آگئی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق فرنٹیئر ایئرلائنز کا مسافر طیارہ رن وے پر ایک شخص سے ٹکرا کر اسے ہلاک کر گیا، واقعے کے بعد 5 مسافروں کو اسپتال منتقل کرنا پڑا، طیارہ لاس اینجلس کے لیے روانہ ہو رہا تھا کہ رات 11 بج کر 19 منٹ پر رن وے پر ایک شخص سے ٹکر ہو گئی۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی آڈیو کے مطابق پائلٹ نے اطلاع دی کہ ’ہم نے کسی شخص کو ٹکر مار دی ہے اور انجن میں آگ لگ گئی ہے‘ جس کے بعد فوری طور پر ٹیک آف منسوخ کردیا گیا۔
حکام کے مطابق مبینہ طور پر ایک شخص ایئرپورٹ کی باڑ عبور کرکے رن وے میں داخل ہوا تھا اور اسی دوران طیارے کی زد میں آگیا۔ حادثے کے بعد انجن میں مختصر آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر بریگیڈ نے فوری قابو پالیا۔
رپورٹس کے مطابق طیارے میں دھواں بھرنے کی اطلاع بھی ملی، جس کے بعد پائلٹس نے فوری طور پر تمام کارروائی روک دی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق 12 افراد نے معمولی زخمی ہونے کی شکایت کی جبکہ 5 مسافروں کو مزید علاج کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر ر ہے ہیں اور ایئرپورٹ و دیگر حفاظتی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔