امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ بھارتی بیانیے کی کمزوریاں دنیا کے سامنے واضح ہوگئیں، پاکستان آج بھی پلوامہ اور پہلگام کے ثبوت مانگ رہا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان کی عالمی ساکھ میں اضافہ ہوا، پاکستان خطے میں استحکام کے اہم کردار کے طور پر ابھرا۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے پر پاکستان نے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا، بھارت نے بغیر ثبوت الزامات لگا کر جارحیت کی، پاکستان نے سیاسی، سفارتی اور عسکری پختگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی اخراجات کم مگر قومی عزم پاکستان کی اصل طاقت ہے، پاکستان کی معیشت کو بھی دفاع کی طرح مضبوط بنانا ہو گا۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں، پانی کو ہتھیار بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہو گا۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے قیامِ امن میں فعال کردار ادا کیا۔