پشاور(جنگ نیوز) چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی سربراہی میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور آگاہی سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز روزیہ الطاف‘ ایس پی سٹی ٹریفک ریاض خان خلیل‘ ایس پی ٹاؤن محمد صدیق، ڈی ایس پیز اور ٹریفک آفیسرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کی ہدایات کی روشنی میں ہیلمٹ‘ سیٹ بیلٹ‘ نو پارکنگ‘ ون ویلنگ‘ ون وے خلاف ورزی اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق شہر بھر میں شہریوں کو آگاہی دیں اور باقاعدہ اس سلسلے میں کارروائیوں کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام شہر بھر میں کالے شیشوں کے استعمال، غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں ہیلمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس میں کارروائیاں جاری رکھیں اور ون وے کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں جبکہ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکار شہر بھر میں مذکورہ مہمات سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے مہمات میں بھی تیزی لائیں اور شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا پابند بنائیں جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکار پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی اپنائیں اور باقاعدہ شہریوں کو سیٹ بیلٹ‘ ہیلمٹ‘ ڈرائیونگ لائسنسʼ نو پارکنگʼ ون ویلنگ اور ون وے خلاف ورزی کے حوالے سے آگاہی دیں اور شہریوں میں باقاعدہ پمفلٹس تقسیم کریں تاکہ وہ اپنے گھروں اور محلوں میں جا کر شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکار ایمانداری سے ڈیوٹی انجام دیں جبکہ غفلت اور کوتاہی کے مرتکب افسران اور اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔