پشاور( لیڈی رپورٹر)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیٔرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کو ٹیکس فری بجٹ قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ عوام پر مختلف قسم کے بالواسطہ ٹیکس عائد کئے گئے ہیں۔ قومی وطن پارٹی کے سیکرٹریٹ وطن کورپشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف گزشتہ 13 برسوں سے خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہی ہے، لیکن بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ غریب عوام اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی تک مہیا کرنے سے قاصر ہیں، صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا تو دور کی بات ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز کو چاہیے کہ اپنے اخراجات کم کرے اور اپنے وسائل خود پیدا کرے، بجائے اس کے کہ صوبوں سے فنڈز طلب کرے۔ضم شدہ اضلاع کو فنڈز کی عدم فراہمی کے حوالے سے سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ضروریات پوری کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔