پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور سے تعلق رکھنے والے دو کم عمر کھلاڑیوں کی ایشین جونئیر سکواش چیمپئن شپ میں کامیابی پر پشاور، خیبر پختونخوا اور ملک بھر کے اسکواش حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ طویل عرصہ کے بعد پاکستان نے 15اور 17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کی ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ایشین جونئیر سکواش چیمپئن شپ کی انڈر 15کیٹگری کے فائنل میں پاکستان کے احمد ریان خلیل، جن کا تعلق پشاور سے ہے، نے ملائیشیا کے ودوران روتھران کو تین صفر سے جبکہ۔ 17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کی کیٹگری میں پاکستان کے نعمان خان نے بھارت کے شیون اگروال کو تین صفر سے ہرا کر ایشین چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انفرادی مقابلوں میں پاکستان نے دو گولڈ میڈلز جیتے۔ دریں اثناء سابق عالمی چیمپئن قمر زمان اور خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے صدر داؤد خان نے پشاور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی ایشین جونئیر سکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ داؤد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن محدود وسائل کے باوجود ماہانہ بنیادوں پر سکواش ٹورنامنٹس کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کے بہترین مواقع فراہم کئے جائیں اور یہی وجہ ہے کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے دو کم عمر کھلاڑی ایشین چیمپئن بن کر وطن واپس لوٹے ہیں۔