• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اخلاقی گمراہی کا تدارک کیا جائے، امن جرگہ

پشاور ( لیڈی رپورٹر)قومی امن جرگہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی خیبرپختونخوا کا اجلاس زیرِ صدارت صوبائی چیئرمین مولانا محمد اقبال شاہ حیدری منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، نوجوانوں کی فلاح و تربیت، منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اخلاقی گمراہی کے تدارک کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ منشیات، سوشل میڈیا کے منفی استعمال اور غیر اخلاقی رجحانات کے باعث نوجوان نسل مختلف مسائل کا شکار ہو رہی ہے، جس کے سدباب کے لیے اجتماعی اور منظم کوششوں کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور نوجوانوں کو تعلیم ہنر دینی و اخلاقی تربیت اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے مؤثر پروگرام ترتیب دیے جائیں۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ علماء کرام والدین اساتذہ میڈیا اور سرکاری ادارے نوجوان نسل کو بے راہ روی اور سماجی برائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین حاجی فضل مقیم، وائس چیئرمین حاجی طارق آفریدی، ضلعی چیئرمین حاجی ظاہر شاہ سلفی، پشاور سٹی چیئرمین لیاقت سالار خان مہمند، وائس چیئرمین ڈاکٹر احسان اللہ، سٹی جنرل سیکریٹری محبوب الرحمن شاہ حیدری اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
پشاور سے مزید