پشاور(جنگ نیوز)محکمہ ہاؤسنگ خیبرپختونخوا کی جانب سے گزشتہ روز جلوزئی ہاؤسنگ سکیم نوشہرہ میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ جمشید خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران کے علاؤہ جلوزئی اراضی مالکان اور نیپڈا ہائی رائز فلیٹس کے الاٹیز شریک تھے۔ کھلی کچہری میں آئے لوگوں نے اپنے تحفظات حکام کے سامنے رکھے جبکہ انہیں اپنے تجاویز و آراء سے بھی آگاہ کیا۔ عوام نے محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے کھلی کچہری منعقد کرانے کو سراہا جبکہ درپیش مسائل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے وہاں ہر ماہ کھلی کچہری منعقد کرانے پر بھی زور دیا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے جمشید خان نے تمام مسائل متعلقہ فورمز کے ذریعے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔