امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل صدر ٹرمپ کے سوشل میڈیا کے شوق پر ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا ہے کہ ٹرمپ اب تک سوشل میڈیا پر 8 ہزار 800 پوسٹیں کر چکے ہیں۔
اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے پیر کے روز تین گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر 55 پوسٹیں کیں، ان میں سے زیادہ تر میں دوسرے اکاؤنٹس کی پوسٹوں کو ری پوسٹ کیا گیا تھا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ٹرمپ کے ٹرتھ سوشل پر فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ ہو چکی ہے جو ان کے عہدہ صدارت سنبھالنے سے پہلے 86 لاکھ تھی۔
چوالیس مرتبہ ٹرمپ نے رات آٹھ بجے سے صبح چھ بجے کے درمیان ایک درجن سے زیادہ پوسٹیں کیں۔ پچھلے سال یکم دسمبر کو انہوں نے رات سوا آٹھ سے بارہ بجے تک 160 پوسٹیں کیں۔ وہ دوسروں کی پوسٹیں ری پوسٹ بھی کرتے ہیں۔
پچھلے سال ستمبر سے اب تک ٹرمپ نے 120 پوسٹوں میں صومالیہ کو نشانہ بنایا جن میں امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر کے خلاف پوسٹیں بھی شامل تھیں جو صومالیہ نژاد ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ کی انتظامی معاون نیٹلی ہارپ سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹیں صدر ٹرمپ کے پاس لاتی ہیں اور جو وہ منظور کرتے ہیں انھیں ری پوسٹ کر دیتی ہیں۔
ٹرمپ کی ہدایت پر نیٹلی ہارپ نے اوباما اور مشیل اوباما کے خلاف نسلی امتیاز پر مبنی پوسٹیں بھی کی تھیں جو بعد میں ہٹا لی گئیں۔