پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا چک بال ایسوسی ایشن کے لئے متفقہ طور پر نئی کابینہ تشکیل دے دی گئی۔ انتخابات پشاور میں منعقد ہوئے جس میں صوبے بھر سے چک بال ایسوسی ایشنوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ محمد اقبال کو سرپرست اعلیٰ، ڈاکٹر بہار حسین کو چیئرمین، وجیہہ اللہ کو صدر، نجمہ ناز قاضی کو خواتین ونگ کی صدر جبکہ ڈاکٹر عبدالرشید انور کو سیکرٹری اور محمد جلال کو فنانس سیکرٹری منتخب کرلیا گیا۔ پاکستان چک بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اسد ایمانوئیل اور محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے چیف کوچ شفقت اللہ نے بطور مبصر شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں چک بال کے فروغ کیلئے ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا گیا اور کھیل کو مزید مقبول بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے باہمی اتفاق رائے سے نئی کابینہ کے انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت صوبے میں چک بال کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور خواتین کی شمولیت کیلئے مؤثر اقدامات کرے گی۔ نو منتخب عہدیداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں چک بال کو نچلی سطح تک فروغ دینے، نئے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے اور میں مزید مقابلوں کے انعقاد کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔